مسجدالحرام میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب

نئے اسلامی سال کے آغاز پر 47 ریشمی پینلز پر مشتمل نیا غلاف نصب، سونے چاندی کی کڑھائی نمایاں

June 16, 2026 · بام دنیا

مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کا نیا غلاف کسوہ روایتی انداز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یہ تبدیلی نئے اسلامی سال کے آغاز کے ساتھ ہی کی گئی، جسے ہر سال ایک خصوصی مذہبی و روحانی روایت کے طور پر انجام دیا جاتا ہے۔
خانہ کعبہ پر نصب ہونے والا نیا غلاف انتہائی باریک بینی اور مہارت کے ساتھ 11 ماہ کے طویل عرصے میں تیار کیا گیا۔
نیا کسوہ 47 ریشمی پینلز پر مشتمل ہے، جس پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے قرآن مجید کی 68 آیات مبارکہ کی نہایت خوبصورت کڑھائی کی گئی ہے۔ اس کا مجموعی وزن 1,415 کلوگرام بتایا گیا ہے۔
غلاف کی تیاری کے تمام مراحل مکہ مکرمہ میں قائم شاہ عبدالعزیز کمپلیکس کسوہ کعبہ میں مکمل کیے گئے، جہاں ہر مرحلے پر سخت معیار اور نفاست کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی نگرانی اور جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق غلاف کعبہ کی تیاری اسلامی فنون، روایتی دستکاری اور جدید معیارِ نگرانی کا ایک منفرد شاہکار ہے، جسے ہر سال خصوصی اہتمام کے ساتھ تبدیل کیا جاتا ہے۔