خیبر:گھریلو تشدد کا شکار فرانسیسی خاتون چار بچوں سمیت بازیاب

پاکستانی شہری کے ساتھ شادی کے بعد گزشتہ کئی سالوں سے تحصیل باڑہ میں مقیم تھیں

June 23, 2026 · |

خیبر کی تحصیل باڑہ میں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران مبینہ گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی غیر ملکی خاتون کو ان کے چار بچوں سمیت بازیاب کرا لیا۔

پولیس حکام کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جس کے دوران فرانسیسی خاتون کو تحویل میں لیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون مبینہ طور پر گھریلو تشدد کا شکار تھیں جس کے بعد فوری طور پر انہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرانسیسی خاتون کی شناخت سلویٰ یاسمین کے نام سے ہوئی ہے جو ایک پاکستانی شہری کے ساتھ شادی کے بعد گزشتہ کئی سالوں سے تحصیل باڑہ میں مقیم تھیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق وہ 2014 سے اس علاقے میں رہائش پذیر تھیں۔

کارروائی کے بعد خاتون اور ان کے چار بچوں کو مزید قانونی اور حفاظتی اقدامات کے لیے ویمن پولیس اسٹیشن پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ متعلقہ قانونی کارروائی جاری ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔