پوپ لیو چہاردہم کا وینزویلا کیلیےایک لاکھ یوروکی ہنگامی امداد کااعلان

وینزویلا میں زلزلوں سے 160 سے زائد ہلاکتیں، مزیدہلاکتوں کا خدشہ

June 25, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

ویٹی کن: رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو چہاردہم نے وینزویلا میں حالیہ تباہ کن زلزلوں سے متاثرہ افراد کے لیے 100 ہزار یورو (تقریباً ایک لاکھ 14 ہزار امریکی ڈالر) کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ویٹی کن کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ امداد پوپ کے خیراتی ادارے اپاسٹولک المونری کے ذریعے دی جا رہی ہے جو قدرتی آفات، جنگوں اور دیگر بحرانوں سے متاثرہ افراد کی فوری مدد کا ذمہ دار ہے۔

بیان کے مطابق یہ رقم وینزویلا میں حالیہ دو طاقتور زلزلوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں بنیادی ضروریات، ہنگامی امدادی سرگرمیوں اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔

یہ امداد مقامی کیتھولک چرچ اور فلاحی اداروں کے ذریعے ضرورت مند افراد تک پہنچائی جائے گی تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

پوپ لیو چہاردہم نے زلزلے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ وینزویلا کے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کرے۔

یاد رہے کہ وینزویلا میں حالیہ دنوں آنے والے دو شدید زلزلوں کے باعث متعدد عمارتیں متاثر ہوئیں، بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور ہزاروں افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل ہونا پڑا۔