کوئٹہ: کھلونا بم دھماکے میں 2 بچے جاں بحق، ایک زخمی
بچے ایک خالی پلاٹ میں کھیل رہے تھے کہ انہیں کھلونا بم نما کوئی مشکوک چیز ملی۔ بچے اسے کھلونا سمجھ کرکھیلنے لگے کہ اچانک وہ چیز زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔
فائل فوٹو
کوئٹہ کے علاقے سریاب میں خالی پلاٹ میں پڑے دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے 2 بچے جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ سریاب کے علاقے کیچی بیگ کی ‘کلی جدید میاں خان’ میں پیش آیا۔ ایس پی سریاب نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی کہ معصوم بچے ایک خالی پلاٹ میں کھیل رہے تھے کہ اس دوران انہیں کھلونا بم نما کوئی مشکوک چیز ملی۔ بچے اسے کھلونا سمجھ کر اس سے کھیلنے لگے کہ اچانک وہ چیز زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی زد میں آکر 2 بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشوں اور زخمی بچے کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمی بچے کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکہ خیز مواد وہاں کس نے اور کس مقصد کے لیے رکھا تھا۔