لاہور : ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل

 بچی نعیمہ بی بی گھر سے ٹیوشن پڑھنے گئی تھی، نجی ٹیوشن سینٹر کے واش روم میں بچی کی لاش پائی گئی۔

July 9, 2026 · |, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: اچھرہ میں نجی ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردی گئی، بچی کی لاش واش روم سے ملی۔بچی کی لاش ملنے کی اطلاع ملنے پر پولیس پہنچ گئی اور شواہد جمع کیے۔

لاہور پولیس کے مطابق بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، بچی نعیمہ بی بی گھر سے ٹیوشن پڑھنے گئی تھی، نجی ٹیوشن سینٹر کے واش روم میں بچی کی لاش پائی گئی۔

جائے وقوع پر نفری کے ہمراہ موجود ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے بتایا کہ قانونی کارروائی جاری ہے، تفتیش میں مزید حقائق سامنے آئیں گے، بچی  کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے، واقعے کی محرکات کا تعین مزید تحقیقات سے ہوگا۔

پولیس نے مزید تفتیش کی ہے جس کے نتیجے میں اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ تین منزلہ گھر کی دوسری منزل پر بچوں کو گھر کی عورتیں ٹیوشن پڑھا رہی تھیں، بچی واش روم کے لیے گراؤنڈ فلور پر آئی تھی، بچی دس منٹ تک واپس نہ آنے پر ٹیچر نیچے آئی تو بچی بے ہوشی کی حالت میں واش روم میں پڑی تھی، ٹیچر نے شور مچانا شروع کردی اس دوران محلے دار اکٹھے ہو کر اندر گئے، بچی کو بے ہوشی کی حالت میں دیکھ کر پانی کے چھینٹے مارے گئے ہوش نہ آنے پر اسپتال لے جایا گیا جہاں پر وہ جانبر نہ ہوسکی۔

پولیس کے مطابق بچی کی گردن پر نشانات ہیں، پولیس نے گھر کے مالک عبدالرؤف اور دیگر افراد کو حراست میں لے کر بیانات قلم بند کرنے شروع کر دئیے، عبدالرائوف کی دونوں بیٹیاں ٹیویشن پڑھاتی ہیں اور سینٹر میں 20 کے قریب بچیاں اور بچے ٹیوشن پڑھتے ہیں۔

بچی کے والد عدنان نے بتایا کہ میں گھرمیں موجود تھا فون آیا کہ آپ کی بیٹی بے ہوش ہو گئی ہیں اورٹیوشن سینٹرپہنچا توفوراً بچی کو اسپتال لے آئے تو ڈاکٹر نے کہا فوت ہوگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیٹی کے گلے پرپہلے کوئی نشان نہیں تھا، ڈیڑھ سال سے بچی اس اکیڈمی میں زیر تعلیم تھی، ایک بجے کے بعد بچی اکیڈمی گئی تھیں اور4 بجے کے بعد ہمیں اطلاع ملی ہے۔

عدنان نے بتایا کہ میری دو اور بیٹیاں بھی اسی اکیڈمی میں موجود تھیں۔

اچھرہ پولیس نے 10 سالہ بچی کے والد محمد عدنان کی مدعیت میں مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا۔

پولیس نے بتایا کہ قتل سمیت مختلف پہلوؤں پرتفتیش شروع کردی ہے، پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ میں اصل حقائق سامنے آئیں گے۔