پاکستانی آئل ٹینکر ’لاہور‘ باب المندب سے بحفاظت گزر گیا
یہ سفر ایسے وقت میں مکمل ہوا جب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے بحیرہ احمر میں جہاز رانی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
جدہ: پاکستان کے پرچم بردار خام تیل کے ٹینکر ’لاہور‘ (IMO 9913511) نے سعودی عرب سے خام تیل لے کر بحیرہ احمر کی اہم آبی گزرگاہ باب المندب کو کامیابی سے عبور کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹینکر 20 جولائی کو سعودی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا اور اب خلیج عدن میں موجود ہے۔ یہ سفر ایسے وقت میں مکمل ہوا جب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے بحیرہ احمر میں جہاز رانی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹینکر کی بحفاظت روانگی عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی لائنز کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔ پاکستان اسٹریٹجک فورم نے اس پیش رفت کو خطے کی صورتحال میں ایک مثبت اشارہ قرار دیا ہے۔
بعض مبصرین کے مطابق حوثی حملوں کا زیادہ تر ہدف سعودی اور اتحادی ممالک سے منسلک بحری جہاز رہے ہیں، جبکہ دیگر ماہرین خطے میں بڑھتے ہوئے خطرات کے باعث محتاط رہنے پر زور دے رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر بحیرہ احمر کے راستے تیل کی ترسیل معمول کے مطابق جاری رہتی ہے تو اس سے عالمی منڈی میں قیمتوں کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔