امریکی شہر سیئٹل میں فائرنگ سے افراتفری، 3 افراد ہلاک، 4 زخمی
دو افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک زخمی بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔ زخمیوں میں دو سالہ بچہ بھی شامل ہے
واشنگٹن: امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیئٹل میں ایک سالانہ فوڈ فیسٹیول کے دوران فائرنگ کے واقعے میں تین افراد ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔
سیئٹل پولیس کے مطابق فائرنگ اس وقت ہوئی جب ہزاروں افراد فیسٹیول میں شریک تھے۔ واقعے کے بعد جائے وقوع پر بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد نے جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات پر پناہ لی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک زخمی بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔ زخمیوں میں دو سالہ بچہ بھی شامل ہے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو موقع سے حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ دوسرے مشتبہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ میں ملوث دونوں افراد مبینہ طور پر ایک دوسرے پر گولیاں چلا رہے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ شروع ہوتے ہی فیسٹیول میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں بھاگنے لگے، جبکہ بعض افراد نے قریبی عمارتوں میں پناہ لی۔
سیئٹل کی میئر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے تشدد کا افسوسناک واقعہ قرار دیا اور اسلحے سے متعلق قوانین اور عوامی تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فرار ہونے والے مشتبہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔