ویسٹ انڈیز سے شکست،سرفراز احمد کا ٹیم کی کارکردگی پر اظہارمایوسی
ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنی چاہیے تھی،تاہم یہ موقع ضائع کر دیا گیا
فائل فوٹو
پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 90 رنز کی شکست کے بعد دوسرے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کی بیٹنگ کارکردگی مایوس کن رہی، خاص طور پر دوسری اننگز میں ٹیم ایک بار پھر توقعات پر پورا نہیں اتری، جو شکست کی بڑی وجہ بنی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنی چاہیے تھی، تاہم یہ موقع ضائع کر دیا گیا۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ امام الحق اچھی بیٹنگ کر رہے تھے، اگر وہ کچھ مزید صبر سے کھیلتے تو ٹیم بہتر پوزیشن میں آ سکتی تھی۔
سرفراز احمد نے تیسرے روز بولرز کی کارکردگی پر بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈیز کو آٹھویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت بنانے کا موقع نہیں دینا چاہیے تھا۔
انہوں نے پانچ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے کنڈیشنز کا درست انداز میں جائزہ لیا تھا۔
ہیڈ کوچ نے مزید بتایا کہ سعود شکیل اور عبداللہ شفیق بدستور انتخاب کے لیے زیر غور ہیں، تاہم حتمی فیصلہ میچ کی صورتحال اور وکٹ کو دیکھ کر کیا جائے گا۔