مولانا فضل الرحمان کی گفتگو افسوسناک اور ناقابل فہم ہے، فوجی ترجمان

شہادت اور شہید پاکستان کی افواج میں ریڑھ کی ہڈی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر

July 31, 2026 · امت خاص

 

پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہادت اور شہید پاکستان کی افواج میں ریڑھ کی ہڈی ہے۔ فلسفہ شہادت کے پیچھے آرمی ، ائرفورس اور نیوی کھڑی ہے۔ اس لیے مولانا فضل الرحمان کی بات ناقابل فہم ہے۔ پھر آگے آپ کارگل کی بات کرتے ہیں۔ آپ کے جو بہادربچے وہاں جاکر شہید ہوئے، ان کی دلیری کی کیا بات ہے۔ وہ جانتے تھے کہ اپنی جان کس خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ان کی شہادت کے بارے میں آپ یہ بات کریں، اور جو بیانیہ بھارت چلانا چاہتاہے وہ بات آپ کریں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل شریف احمد چوہدری نے کہا کہ افواج پاکستان میں قیمتی ترین چیز ہماری قوم کی جان ومال کا تحفظ ہے۔ہم نے کب کہا کہ لشکر بنائیں ، جب ایسے لوگ سرگرم ہوتے ہیں تو ہم وہاں کی مقامی آبادی سے کہتے ہیں کہ انہیں اجازت مت دیں،اور اگر ایسا نہیں کرسکتے تو اس جگہ کو چھوڑدیں۔ لیکن اگر آپ انہیں روک بھی نہیں رہے اور وہاں سے نکل بھی نہیں رہے توہ یہ مت کہیں کہ ہم وہاں آپریشن کیوں کررہے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہناتھاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ قوم کے تعاون کے بغیر جیتی نہیں جاسکتی۔اگر آپ دہشت گردی کے خلا ف تعاون نہیں کرتے ،یا آپ کو ان کے بارے میں نہیں پتاکہ وہ کہاں ہیں تو آپ نکلیں ہم انہیں سنبھال لیں گے۔