ٹرمپ نے ایران پر حملہ مؤخر کرنے کا اعلان

سفارتی کوششوں کو موقع دیا جا رہا ہے اور امریکا اس بات کا خواہاں ہے کہ ایران کے ساتھ ایسے معاہدے پر اتفاق ہو

August 2, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مجوزہ فوجی کارروائی کو فی الحال مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جلد کسی معاہدے تک پہنچنے میں کامیابی ملتی ہے تو حملے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ سفارتی کوششوں کو موقع دیا جا رہا ہے اور امریکا اس بات کا خواہاں ہے کہ ایران کے ساتھ ایسے معاہدے پر اتفاق ہو جس سے خطے میں کشیدگی کم ہو اور سیکیورٹی خدشات کا مستقل حل نکل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل بھی اس مؤقف کی حمایت کر رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران اور مشرقِ وسطیٰ کے بعض دیگر ممالک نے امریکا سے فوجی کارروائی نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ممکنہ معاہدے میں آبنائے ہرمز کو مکمل اور مستقل طور پر کھلا رکھنا اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی خدشات کا مؤثر حل شامل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکا سفارتی راستے کو ترجیح دے رہا ہے، تاہم اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو مستقبل کے فیصلے حالات کے مطابق کیے جائیں گے۔