ترکی اور عراق کا تیل پائپ لائن پر بڑا معاہدہ طے پا گیا

معاہدے کے مطابق پائپ لائن کے ذریعے یومیہ 7 لاکھ 50 ہزار بیرل خام تیل کی ترسیل کی گنجائش برقرار رکھی گئی ہے،

August 2, 2026 · بام دنیا

انقرہ: ترکی اور عراق نے خام تیل کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی عراق-ترکی آئل پائپ لائن (ITP) کو فعال رکھنے کے لیے ایک سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔

ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتار کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری توانائی تعاون کے سلسلے کی توسیع ہے۔ نئے عبوری معاہدے کے تحت عراق کی اہم برآمدی پائپ لائن بدستور کام کرتی رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے مطابق پائپ لائن کے ذریعے یومیہ 7 لاکھ 50 ہزار بیرل خام تیل کی ترسیل کی گنجائش برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ دونوں ممالک مستقبل کے لیے ایک طویل المدتی اور جامع معاہدے پر بھی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ترک وزیر توانائی کے مطابق انقرہ میں عراقی وزیر تیل اور وفد کے ساتھ مذاکرات مثبت رہے، جس کے بعد ترک سرکاری توانائی کمپنی BOTAS اور عراق کی سرکاری آئل کمپنیوں SOMO اور NOC کے درمیان معاہدہ طے پایا۔

حکام کے مطابق عراق-ترکی آئل پائپ لائن کی مجموعی گنجائش 15 لاکھ بیرل یومیہ ہے، تاہم اس وقت اس کے ذریعے تقریباً 1 لاکھ 70 ہزار بیرل یومیہ خام تیل ترکی کی بحیرہ روم میں واقع سیہان بندرگاہ تک پہنچایا جا رہا ہے۔

ترکی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس پائپ لائن کو مکمل صلاحیت کے ساتھ استعمال کرنے اور اسے جنوبی عراق کے اہم تیل کے ذخائر تک توسیع دینے کے امکانات پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔