روس میں کیفے کے قریب دھماکا،3 افراد ہلاک،21 زخمی
ہلاک ہونے والوں میں مبینہ طور پر مذکورہ خاتون، ایک سکیورٹی گارڈ اور ایک شہری شامل ہیں،
ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو کے وسط میں ایک کیفے کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ کم از کم 21 افراد زخمی ہو گئے۔
روسی حکام کے مطابق دھماکا مبینہ طور پر گھریلو ساختہ دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایک خاتون مبینہ طور پر یہ آلہ کیفے کے اندر لے جانے کی کوشش کر رہی تھی، تاہم سکیورٹی گارڈ کی جانب سے روکنے پر دھماکا ہو گیا۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مبینہ طور پر مذکورہ خاتون، ایک سکیورٹی گارڈ اور ایک شہری شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے محرکات اور ذمہ دار افراد کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم تاحال کوئی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔