کیوبا میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا،قومی گرڈ دوبارہ بند
حالیہ خرابی کے بعد تقریباً ایک کروڑ آبادی بجلی سے محروم ہو گئی، جبکہ بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔
کیوبا میں بجلی کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں قومی الیکٹریکل گرڈ (SEN) کی بحالی کی کوششوں کے دوران بجلی کا نظام ایک بار پھر بند ہو گیا، جس کے نتیجے میں ملک کا بیشتر حصہ دوبارہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شب ہونے والے ملک گیر بلیک آؤٹ کے بعد پیش آیا۔ سرکاری بجلی فراہم کرنے والے ادارے نے بتایا کہ خراب موسم کے باعث ٹرانسمیشن نیٹ ورک متاثر ہوا، جس سے بحال کیے گئے بجلی گھر بھی اچانک بند ہو گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
حکام کے مطابق حالیہ خرابی کے بعد تقریباً ایک کروڑ آبادی بجلی سے محروم ہو گئی، جبکہ بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔
کیوبا کی حکومت کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں اور تجارتی رکاوٹوں کے باعث ایندھن اور بجلی گھروں کے لیے ضروری پرزہ جات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے، جس نے توانائی کے بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام اس بحران کو کیوبا کے معاشی نظام کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔
طویل اور بار بار ہونے والی لوڈشیڈنگ نے ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ شدید گرمی کے باعث متعدد شہری راتیں بجلی کے بغیر کھلے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہیں۔