روس یوکرین جنگ میں پھر شدت، 24 گھنٹوں میں 27 افراد ہلاک

ڈرون کا ممکنہ ہدف روس کا اہم بحری مرکز نووروسیسک تھا، تاہم حملہ ساحلی علاقے میں ہوا جس کے باعث عام شہری متاثر ہوئے۔

August 4, 2026 · بام دنیا

 ماسکو، کیف: روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے، مختلف حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 27 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق ماسکو میں ہونے والے ڈرون حملے کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 6 زخمی ہوئے۔ روسی علاقے کراسنوڈار میں ڈرون کا ملبہ گرنے سے 3 بچوں سمیت 7 افراد ہلاک اور تقریباً 40 افراد زخمی ہوئے۔

حکام کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈرون کا ممکنہ ہدف روس کا اہم بحری مرکز نووروسیسک تھا، تاہم حملہ ساحلی علاقے میں ہوا جس کے باعث عام شہری متاثر ہوئے۔

دوسری جانب روسی حملوں میں یوکرین کے مختلف علاقوں میں بھی جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ یوکرینی حکام کے مطابق ایک حملے میں ریسکیو اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ زاپوریژیا کے علاقے میں ہونے والے حملے میں 2 بچوں سمیت 8 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

روس اور یوکرین کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے جنگ بندی اور مذاکرات پر زور دیا جا رہا ہے۔
:::