جشن آزادی کے لیے مری میں دفعہ 144نافذ۔ فیملیز ہی مال روڈ پر جا سکیں گی

ہلڑبازی، بدتمیزی اور امن عامہ میں خلل ڈالنےکی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی:ڈی پی او مری

August 10, 2026 · قومی

فائل فوٹو

جشن آزادی کے موقع پر مری میں 10 سے 16 اگست تک دفعہ 144 نافز کر دی گئی۔ ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے اپنے ویڈیو پیغام میں شہریوں اور سیاحوں سے قانون کی پابندی اور امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

ڈی پی او مری کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر مری میں خصوصی سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں۔ مال روڈ پر صرف فیملیز کو جانے کی اجازت ہوگی ۔غیر فیملی گروپس کو مال روڈ جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہلڑبازی، بدتمیزی اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی۔ ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

رضا تنویر سپرا نے شہریوں سے آتش بازی اور دیگر قانون شکن سرگرمیوں سے اجتناب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 144 نافز کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ڈی پی او مری نے کہا کہ شہری جشن آزادی امن و نظم و ضبط کے ساتھ منائیں، عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔