انڈونیشیا میں شدید زلزلہ،مختلف حادثات میں 20 افراد ہلاک

زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی اور یہ ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 4 بج کر 58 منٹ پر آیا۔

August 15, 2026 · بام دنیا

انڈونیشیا کے ساحلی علاقے کے قریب آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں مختلف حادثات کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی اور یہ ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 4 بج کر 58 منٹ پر آیا۔ زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 35 کلومیٹر گہرائی میں بتایا گیا ہے۔

زلزلے کے جھٹکوں کے بعد انڈونیشیا کی متعلقہ جیو فزکس ایجنسی نے سمندری لہروں کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سونامی کی وارننگ جاری کی، تاہم تقریباً تین گھنٹے بعد یہ انتباہ واپس لے لیا گیا۔

حکام کے مطابق زلزلے کے بعد متعدد علاقوں میں جھٹکے محسوس کیے گئے اور آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نقصانات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے سونامی وارننگ سینٹر نے واضح کیا کہ انڈونیشیا کے قریب آنے والے زلزلے کے نتیجے میں آسٹریلیا کی سرزمین، اس کے جزائر یا دیگر متعلقہ علاقوں کے لیے سونامی کا کوئی خطرہ موجود نہیں۔

ادھر اسپین کے جنوبی شہر غرناطہ میں بھی ہفتے کی صبح زلزلہ محسوس کیا گیا۔ زلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی، جس سے بعض مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

متاثرہ علاقوں میں حکام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور ممکنہ مزید جھٹکوں کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔