چین،ڈیمیشا بیچ پر رش،روزانہ 80 ہزار افراد کی حد مقرر
کئی سیاحوں نے آن لائن پلیٹ فارمز پر اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے ساحل پر موجود غیر معمولی ہجوم کی شکایت کی
چین کے شہر شینژین میں واقع ڈیمیشا بیچ گرمیوں کے دوران غیر معمولی رش کے باعث دنیا کے انتہائی مصروف ساحلی مقامات میں شمار ہونے لگا ہے۔ تقریباً 1.8 کلومیٹر طویل ساحل پر خاص طور پر ہفتہ وار تعطیلات کے دوران اتنی بڑی تعداد میں لوگ پہنچتے ہیں کہ پیدل چلنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔
شدید رش کو قابو میں رکھنے کے لیے مقامی انتظامیہ نے مئی سے اکتوبر تک ساحل پر روزانہ آنے والے افراد کی تعداد 80 ہزار تک محدود کردی ہے۔ ساحل پر جانے کے خواہش مند مقامی افراد اور سیاحوں کے لیے پیشگی بکنگ بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
ڈیمیشا بیچ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ماضی میں بعض مواقع پر تقریباً 2 لاکھ افراد ایک ہی وقت میں ساحل پر موجود رہے۔ غیر معمولی رش کے باعث لوگوں کو آرام کرنے، تیراکی کرنے اور حتیٰ کہ سمندر کے پانی تک پہنچنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کئی سیاحوں نے آن لائن پلیٹ فارمز پر اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے ساحل پر موجود غیر معمولی ہجوم کی شکایت کی۔ بعض افراد کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بڑی تعداد کے باعث وہ ساحل سے سمندر تک پہنچنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے۔
ڈیمیشا ایک عوامی ساحل ہے جہاں اصولاً ہر شخص کو آنے کی اجازت ہے، تاہم بڑھتی ہوئی مقبولیت اور گنجائش سے زیادہ رش کے باعث شینژین انتظامیہ نے رسائی کو منظم کرنے کے لیے پیشگی ریزرویشن اور روزانہ آنے والوں کی تعداد محدود کرنے کا نظام نافذ کیا ہے۔