امریکا میں خالصتان ریفرنڈم کا اعلان،اتوار کو ووٹنگ ہوگی

یہ اعلان امریکا میں سرگرم سکھ علیحدگی پسند تنظیم سکھس فار جسٹس کے بانی گرپت ونت سنگھ پنوں نے کیا۔

August 15, 2026 · بام دنیا

خالصتان کے قیام کی حمایت میں امریکا میں اتوار کے روز ریفرنڈم منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان امریکا میں سرگرم سکھ علیحدگی پسند تنظیم سکھس فار جسٹس کے بانی گرپت ونت سنگھ پنوں نے کیا۔
گرپت ونت سنگھ پنوں نے لاہور پریس کلب میں ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ریفرنڈم کا مقصد خالصتان کے قیام کے حوالے سے سکھ برادری کی رائے سامنے لانا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بھارت میں سکھ کسانوں کی صورتحال پر بھی بات کی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ بھارت میں مالی مشکلات اور قرضوں کے باعث ہزاروں سکھ کسان خودکشی کرچکے ہیں۔
گرپت ونت سنگھ پنوں نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام کو مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
خالصتان ریفرنڈم سے متعلق یہ سرگرمی سکھس فار جسٹس کی جانب سے سکھوں کے لیے علیحدہ ریاست کے مطالبے کی مہم کا حصہ ہے۔ بھارت اس تنظیم اور خالصتان کی علیحدگی کی تحریک کی مخالفت کرتا ہے۔