سیز فائر کے باوجود اسرائیلی حملے جاری،جنوبی لبنان میں 11 افراد شہید

جنگ بندی کے بعد یہ اسرائیلی حملوں کے مہلک ترین واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

August 16, 2026 · بام دنیا

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ لبنان کے حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد یہ اسرائیلی حملوں کے مہلک ترین واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کے مطابق نبطیہ کے علاقے انصار کے قریب ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جان سے گئے۔ جاں بحق افراد میں 3 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

لبنانی وزارت صحت کے مطابق دیر الزہرانی میں ہونے والے ایک اور حملے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کارروائی میں حزب اللہ سے منسلک عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملے اپنے اہلکاروں کے خلاف مبینہ کارروائی کے ردعمل میں کیے گئے۔

لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والے عام شہری تھے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں مزید اضافہ کرنے سے گریز کرے اور لبنانی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے بھی ایک خاندان کے متعدد افراد کی ہلاکت اور جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات امریکی ثالثی میں جاری مذاکرات کے لیے بھی اہم پیغام رکھتے ہیں۔

دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیلی حملوں اور جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کارروائیوں کا مناسب جواب دیا جائے گا۔