کیرولین لیویٹ کے استعفے کی وجہ کیا ہے؟ ایرانی سفارتخانے کا بڑا دعویٰ
ان کا استعفیٰ خاندان کو وقت دینے کی وجہ سے نہیں بلکہ صدر ٹرمپ کے رویے سے مایوسی کے باعث سامنے آیا۔
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ کے استعفے سے متعلق جنوبی افریقا میں ایرانی سفارتخانے کی جانب سے ایک دعویٰ سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دلبرداشتہ ہوکر عہدہ چھوڑا۔
ایرانی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر کیرولین لیویٹ کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کا استعفیٰ خاندان کو وقت دینے کی وجہ سے نہیں بلکہ صدر ٹرمپ کے رویے سے مایوسی کے باعث سامنے آیا۔
بیان میں طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا گیا کہ جب کوئی سربراہ اپنے ساتھی کو خطرے میں چھوڑ کر خود محفوظ راستہ اختیار کرے تو اس کے بعد وفاداری اور رفاقت سے متعلق توقعات باقی نہیں رہتیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ایرانی سفارتخانے کے دعوے کو مسترد کردیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ایرانی بیان میں کیے گئے دعوے حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ کیرولین لیویٹ صدر ٹرمپ کے دورۂ ترکیہ میں ان کے ہمراہ موجود نہیں تھیں، اس لیے ایرانی سفارتخانے کی جانب سے اس حوالے سے پیش کیا گیا مؤقف درست نہیں۔
یوں کیرولین لیویٹ کے استعفے کی اصل وجہ سے متعلق مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں، تاہم فریقین کے بیانات میں واضح تضاد موجود ہے۔