ٹرمپ کے ایلچی جیرڈ کشنر کی حماس کی قیادت سے ملاقات، غزہ منصوبے پر تبادلہ خیال

ملاقات کا مقصد غزہ میں غیرمسلح ہونے  سے متعلق حماس کی ذمہ داریوں کو ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات میں تبدیل کرنا تھا،ذرائع

August 16, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

قاہرہ: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی جیرڈ کشنر نے مصر میں حماس کے سربراہ خلیل الحیہ اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور غزہ منصوبے پر تبادلہ خیال کے دوران ان پر زور دیا کہ وہ ہتھیار ڈالنے کے اپنے عزم پر عمل درآمد کریں۔

امریکی ویب سائٹ ایکسوئیس کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ٹرمپ کے ایلچی جیرڈ کشنر نے بورڈ آف پیس کے اعلیٰ نمائندے نکولے ملاڈینوف اور بورڈن کے رکن سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئرکے ہمراہ حماس کے سیاسی رہنما خلیل الحیہ سے ملاقات کی، مصر کے انٹیلی جنس چیف حسن رشاد، قطری سفارت کار علی الثوادی اور ترکی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کا مقصد غزہ میں غیرمسلح ہونے  سے متعلق حماس کی ذمہ داریوں کو ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات میں تبدیل کرنا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے ان اقدامات میں انتظامی اختیارات فلسطینی ٹیکنوکریٹک حکومت کو منتقل کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا شامل ہے کہ غزہ کے مستقبل کے انتظامی معاملات میں حماس کا کوئی کردار نہ ہو۔