خالصتان ریفرنڈم، شملہ کو دارالحکومت قرار دینے کا اعلان
گرپتونت سنگھ پنوں نے خالصتان کا ایک نقشہ بھی جاری کیا۔ سکھ فار جسٹس خالصتان کے قیام کے لیے ووٹ اور جمہوری عمل کو ذریعہ بنانے پر قائم ہے۔ گرپتونت سنگھ پنوں
امریکی ریاست انڈیانا پولس میں خالصتان پنجاب آزادی ریفرنڈم کے سلسلے میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے شملہ کو مجوزہ ’’ڈیموکریٹک ریپبلک آف خالصتان‘‘ کا دارالحکومت قرار دینے کا اعلان کیا۔
ریفرنڈم کے اختتام پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے گرپتونت سنگھ پنوں نے خالصتان کا ایک نقشہ بھی جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھ فار جسٹس خالصتان کے قیام کے لیے ووٹ اور جمہوری عمل کو ذریعہ بنانے پر قائم ہے۔
پنوں نے دعویٰ کیا کہ سکھوں کو اپنے مذہب اور خاندان کے تحفظ کے لیے قانونی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر پنجاب کے خلاف مبینہ طور پر تین محاذوں پر حکمت عملی اختیار کرنے کا الزام بھی عائد کیا، جن میں منشیات، قرضوں اور آبادی سے متعلق مسائل شامل ہیں۔
ان کے مطابق منشیات کے مسئلے نے پنجاب کے نوجوانوں کو متاثر کیا ہے، جبکہ زرعی قرضوں اور مالی مشکلات کے باعث کسانوں کو بھی سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
تقریب کے دوران ہردیپ سنگھ نجر، تلوِندر سنگھ پرمار اور لکھبیر سنگھ روڈے کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
سکھ فار جسٹس کے مطابق خالصتان ریفرنڈم کے اگلے مرحلے میں 18 اکتوبر کو کینیڈا کے صوبے البرٹا میں ووٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔