جنوبی لبنان میں مزید حملوں کا اسرائیلی منصوبہ
اسرائیل جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔رپورٹ برطانوی خبر رساں ادارہ
اسرائیلی فوج نے لبنان میں دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کی تیاری شروع کردی ہے، جبکہ جنوبی لبنان میں مزید حملوں کے منصوبے زیرِ غور ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی لبنان کے علاقے جبل علی الطاہر میں حزب اللہ کے متعدد ارکان زیرِ زمین موجود ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور آئندہ کی صورتحال سے متعلق بات چیت کی جا رہی ہے۔
لبنانی حکام کے مطابق 2 مارچ سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 4 ہزار 300 سے زائد افراد ہلاک اور 12 ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ 10 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔
لبنان میں کشیدگی کے باعث خطے میں ایک بار پھر وسیع پیمانے پر فوجی تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔