عراق،ڈپٹی وزیر کے گھروں سے لاکھوں ڈالرز اور سونا ضبط
حکام نے سات سونے کی اینٹیں اور سونے سے بنی دیگر اشیا بھی قبضے میں لینے کی اطلاع دی ہے۔
عراق میں بدعنوانی کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران وزارتِ بجلی کے ڈپٹی وزیر سے منسوب گھروں پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے بڑی مقدار میں نقد رقم، سونے کی اینٹیں اور دیگر قیمتی اشیا برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
وفاقی کمیشن برائے دیانت داری نے کارروائی کی تصاویر اور ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ آپریشن عدالتی حکم کے تحت کیا گیا۔ بغداد انویسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے وزارتِ بجلی میں ترسیل اور تقسیم کے امور کے ڈپٹی وزیر خالد غازی عطیہ سے منسوب متعدد گھروں کی تلاشی لی۔
کمیشن کے مطابق کارروائی کے دوران ایک ارب 17 کروڑ 50 لاکھ عراقی دینار اور 58 لاکھ 39 ہزار امریکی ڈالر نقد برآمد کیے گئے۔ حکام نے سات سونے کی اینٹیں اور سونے سے بنی دیگر اشیا بھی قبضے میں لینے کی اطلاع دی ہے۔
عراقی حکام کے مطابق یہ کارروائی بدعنوانی کے خلاف شروع کی گئی وسیع مہم کا حصہ ہے، جس میں سیاست دانوں، ارکانِ پارلیمان اور کاروباری شخصیات سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور برآمد ہونے والی رقم و قیمتی اشیا کے ذرائع کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔