مہنگے داموں درآمد شدہ چینی اب برآمد کی جا رہی ہے ، مفتاح اسماعیل کا سنسنی خیز انکشاف
سبسڈی اور ٹیکسوں میں رعایت کے باوجود عوام کو سستی چینی کی فراہمی میں ناکامی معاشی بدانتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے چینی کی پالیسی اور مارکیٹ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں ماضی میں مہنگے داموں درآمد کی گئی چینی کو اب برآمد کیا جا رہا ہے۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چینی پر ٹیکسوں کی چھوٹ دیے جانے کے باوجود اس کی قیمتیں مقامی مارکیٹ ریٹ سے اوپر رہیں اور اس دوران چینی کو زبردستی فروخت کیا گیا۔ مفتاح اسماعیل نے موجودہ اور ماضی کی چینی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے نا صرف عام صارف کو شدید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ملکی خزانے کو بھی بھاری نقصان پہنچتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سبسڈی اور ٹیکسوں میں رعایت کے باوجود عوام کو سستی چینی کی فراہمی میں ناکامی معاشی بدانتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چینی کی درآمد و برآمد کے عمل کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں تاکہ ذمے داروں کا تعین ہو سکے۔