ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن درست ڈیل کیلئے تیار نہیں: ٹرمپ

ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ کے باوجود امریکا کے فوجی اختیارات محدود نہیں ہوئے اور ضرورت پڑنے پر تمام آپشنز اب بھی موجود ہیں۔

August 22, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم تہران ایک ایسے معاہدے کے لیے تیار نہیں جسے امریکا درست سمجھتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی معاشی صورتحال پر بھی سخت تبصرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہے اور وہاں مہنگائی انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ کے باوجود امریکا کے فوجی اختیارات محدود نہیں ہوئے اور ضرورت پڑنے پر تمام آپشنز اب بھی موجود ہیں۔

آبنائے ہرمز کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو خطے میں وسیع کنٹرول حاصل ہے اور اس میں آبنائے ہرمز کے ساتھ اس سے ملحقہ زمینی علاقے بھی شامل ہیں۔

ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت کے لیے اپنے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو ادائیگیاں کرنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اب صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور آنے والے دنوں میں دیکھا جائے گا کہ معاملات کس سمت آگے بڑھتے ہیں۔