امریکی طیارہ ہنگامی سگنل کے بعد آبنائے ہرمز کے قریب ریڈار سے غائب
تقریباً 19 ہزار فٹ سے زیادہ بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔ طیارے کی جانب سے ہنگامی صورتحال کا عالمی کوڈ 7700 بھی جاری کیا گیا
فوٹو: ایکس
آبنائے ہرمز کے قریب امریکی فضائیہ کے ایک طیارے کے ہنگامی سگنل جاری کرنے کے بعد ریڈار سے غائب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق طیارے کی آخری موجودگی آبنائے ہرمز کے قریب ریکارڈ کی گئی، جہاں یہ تقریباً 19 ہزار فٹ سے زیادہ بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔ طیارے کی جانب سے ہنگامی صورتحال کا عالمی کوڈ 7700 بھی جاری کیا گیا، جس کے بعد اس کی پرواز میں اچانک تبدیلی دیکھی گئی۔
اطلاعات کے مطابق طیارے نے بلندی کم کرتے ہوئے اپنا رخ خلیج عمان اور آبنائے ہرمز سے دور جزیرہ نما عرب کے اندرونی فضائی راستے کی جانب موڑ لیا۔ اسی دوران خطے میں موجود امریکی فضائی معاونت کے طیاروں کی نقل و حرکت بھی رپورٹ کی گئی۔
سوشل میڈیا پر بعض حلقوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ طیارے کو ایران نے نشانہ بنایا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ یا سرکاری سطح پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔ امریکی حکام کی جانب سے بھی طیارے کے مار گرائے جانے یا تباہ ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
ماہرین کے مطابق ہنگامی کوڈ 7700 کسی بھی سنگین فنی یا طبی صورتحال کی نشاندہی کرسکتا ہے، جس میں انجن کی خرابی یا دیگر ہنگامی مسائل شامل ہوسکتے ہیں۔ اس لیے صرف ہنگامی سگنل کی بنیاد پر کسی عسکری حملے کا نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔
دفاعی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ فوجی طیارے بعض حالات میں اپنی شناخت ظاہر کرنے والے سگنلز بند کرسکتے ہیں، جس کے باعث وہ عام شہری ریڈار پر نظر آنا بند ہوجاتے ہیں۔
بوئنگ کا تیار کردہ ای تھری بی سینٹری امریکی فضائیہ کا اہم کمانڈ اینڈ کنٹرول طیارہ ہے، جو فضائی نگرانی اور فوجی کارروائیوں میں رابطہ کاری کے لیے استعمال ہوتا ہے۔