آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت تقریباً معطل،صرف 4 فیصد ٹریفک باقی

28 فروری سے اب تک آبنائے ہرمز میں مجموعی طور پر 857 بحری سفر ریکارڈ کیے گئے، تاہم گزشتہ سات روز کے دوران صرف 21 جہاز اس راستے سے گزر سکے۔

August 22, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

آبنائے ہرمز میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث اہم سمندری گزرگاہ سے بحری جہازوں کی آمدورفت میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق معمول کے مقابلے میں بحری ٹریفک کم ہو کر صرف 4 فیصد رہ گئی ہے۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق 28 فروری سے اب تک آبنائے ہرمز میں مجموعی طور پر 857 بحری سفر ریکارڈ کیے گئے، تاہم گزشتہ سات روز کے دوران صرف 21 جہاز اس راستے سے گزر سکے۔

رپورٹ کے مطابق 6 جولائی کے بعد آبنائے ہرمز کے اطراف 16 میزائل حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں سے 14 واقعات جنوبی عمانی بحری راستے کے قریب رپورٹ ہوئے۔

مسلسل سیکیورٹی خدشات کے باعث آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں اور ان کے عملے کو خطرات کا سامنا ہے، جبکہ متعدد بحری کمپنیوں کو اپنی نقل و حرکت اور حفاظتی انتظامات پر نظرثانی کرنا پڑ رہی ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل اور دیگر توانائی کے وسائل کی ترسیل کے لیے ایک اہم سمندری راستہ ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی اور بحری ٹریفک میں نمایاں کمی نے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے حوالے سے بھی خدشات بڑھا دیے ہیں۔