امریکی ایئرلائنز کی پرواز میں لیپ ٹاپ سے آگ بھڑک اٹھی،متعدد مسافر جھلس گئے
امریکن ایئرلائنز کی پرواز 2398 اٹلانٹا سے ڈلاس فورٹ ورتھ جا رہی تھی اور طیارے میں 133 افراد سوار تھے
امریکی ایئرلائنز کی ایک پرواز میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے باعث طیارے کے اندر دھواں پھیل گیا اور کئی مسافر معمولی طور پر جھلس گئے۔
رپورٹ کے مطابق امریکن ایئرلائنز کی پرواز 2398 اٹلانٹا سے ڈلاس فورٹ ورتھ جا رہی تھی اور طیارے میں 133 افراد سوار تھے۔ لینڈنگ کے مرحلے کے دوران طیارے کے پچھلے حصے میں موجود ایک لیپ ٹاپ سے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ عملہ طیارے کے پچھلے حصے میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ کے باعث 4 سے 5 مسافروں کے ہاتھ متاثر ہوئے۔
فلائٹ اٹینڈنٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خصوصی تھرمل کنٹینمنٹ بیگ استعمال کیا اور آگ پر قابو پالیا۔ صورتحال پر قابو پانے کے بعد طیارے نے ڈلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق ایک مسافر کو طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم اسے ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی اور ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے روانہ کردیا گیا۔
واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے وفاقی ادارہ ہوا بازی (FAA) تحقیقات کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک آلات میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریاں زیادہ گرم ہونے کی صورت میں خطرناک ہوسکتی ہیں۔ بیٹری کے اندر درجہ حرارت بے قابو انداز میں بڑھنے کے عمل کو ’تھرمل رَن اوے‘ کہا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں اچانک آگ لگ سکتی ہے۔