جاپان میں 5.8 شدت کا زلزلہ، متعدد افراد زخمی،ٹرین سروس متاثر
زلزلے کا مرکز ہونشو کے مشرقی ساحلی علاقے کے قریب زمین سے تقریباً 78 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
فائل فوٹو
جاپان کے جزیرے ہونشو میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز ہونشو کے مشرقی ساحلی علاقے کے قریب زمین سے تقریباً 78 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
جاپانی حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں متعدد افراد کو معمولی نوعیت کے زخم آئے، جبکہ بعض علاقوں میں احتیاطی اقدامات کے تحت ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی۔
حکام نے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے، جبکہ زلزلے کے بعد ممکنہ آفٹر شاکس کے حوالے سے بھی نگرانی جاری ہے۔
جاپانی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران 5 شدت سے کم کا ایک اور زلزلہ محسوس ہوسکتا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور شہریوں کو ہنگامی صورتحال کی صورت میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔