ایران کے خلاف فیصلہ کن معاشی حملہ آج سے شروع ہوگا، امریکی وزیر خزانہ

وہ اقدام بھی کریں گے جو پہلے کبھی نہیں ہوئے، اسکاٹ بسیںٹ

August 24, 2026 · بام دنیا
اسکاٹ بیسنٹ

اسکاٹ بیسنٹ

امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ایک فیصلہ کن اقتصادی کارروائی پیر کی صبح شروع کی جائے گی، جو ان کے بقول کسی دشمن کے خلاف امریکا کی جانب سے کیا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا معاشی حملہ ہوگا۔

سکاٹ بیسنٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا ایران کے خلاف کارروائی کے آخری مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

ان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا، اس کی تقریباً 100 فیصد فوجی فیکٹریاں تباہ کر دیں اور اس کے جوہری پروگرام کو بھی ختم کر دیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ واشنگٹن کا مقصد ایران کے نظام کو برقرار رکھنے والی تمام اہم اقتصادی شریانوں اور راستوں کو کاٹ دینا ہے، تاکہ بالآخر تہران مکمل طور پر تنہا رہ جائے۔

سکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ایسے حالات پیدا کر دیے ہیں جن میں امریکی حکومت کے تمام اداروں کی صلاحیت، قانونی اختیارات اور ایسے اقدامات استعمال کیے جا سکتے ہیں جن کے بارے میں بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ امریکا کبھی ان کا سہارا نہیں لے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران گزشتہ کئی برس سے سکیورٹی ضمانتوں کے لیے دباؤ ڈال کر قائم رہا ہے اور اس کی طاقت اس تصور سے جڑی رہی کہ ایران کی جوابی کارروائی یقینی ہے، جبکہ امریکا کے سخت اقدامات پر عمل درآمد قابلِ مذاکرات ہے۔

بیسنٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے دور میں یہ صورتحال ختم ہو چکی ہے اور تہران کی جوابی کارروائی کے خطرے سے خوفزدہ افراد کو واشنگٹن کے عزم کو آزمانے کی قیمت کو کم نہیں سمجھنا چاہیے۔

امریکی وزیر خزانہ نے گزشتہ ہفتے ہفتے کو ایک انٹرویو میں بھی کہا تھا کہ امریکی حکومت پیر سے ایران کے خلاف مزید سخت اقتصادی پابندیوں کا اعلان کرے گی۔ ان کے بقول نئی پابندیاں ایرانی حکومت کے خاتمے کا باعث بنیں گی۔