عمان کے وزیر خارجہ کا منگل کو تہران کا دورہ کریں گے

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

August 24, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ایرانی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی منگل کو تہران پہنچیں گے، جہاں وہ ایرانی حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق عمانی وزیر خارجہ اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دورہ ایران اور عمان کے درمیان جاری سیاسی مشاورت اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز سے متصل ہمسایہ ممالک ہیں، اس لیے دونوں ملک خطے میں امن و سلامتی سے متعلق معاملات پر باقاعدگی سے ایک دوسرے سے مشاورت کرتے ہیں۔

اسماعیل بقائی کے مطابق عمانی وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور باہمی مشاورت کے سلسلے کو آگے بڑھانے کی ایک اہم کڑی ہے۔