کینیڈا پر بڑا تجارتی وار، ٹرمپ کا 50 فیصد ٹیرف کا اعلان
یکم جنوری 2027 سے کینیڈا سے امریکا درآمد ہونے والی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں، گاڑیوں کے پرزہ جات اور اسٹیل پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کی تجارتی پالیسیوں پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کینیڈین مصنوعات پر نئے اور بھاری ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کینیڈا پر الزام عائد کیا کہ اس کی تجارتی پالیسیوں سے طویل عرصے سے امریکا کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کے مطابق کینیڈا کی جانب سے امریکی زرعی مصنوعات پر عائد بلند ٹیرف نے امریکی کسانوں کے لیے مشکلات پیدا کی ہیں۔
امریکی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان موجود تجارتی خسارے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ صورتحال کو مزید قبول نہیں کیا جا سکتا۔
اعلان کے مطابق یکم جنوری 2027 سے کینیڈا سے امریکا درآمد ہونے والی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں، گاڑیوں کے پرزہ جات اور اسٹیل پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈین کمپنیوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ اگر وہ نئے ٹیرف سے بچنا چاہتی ہیں تو اپنی مصنوعات امریکا میں تیار کریں، جہاں ان پر یہ اضافی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔
امریکی صدر نے کینیڈا کے ساتھ مستقبل کی تجارتی پالیسی مزید سخت رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حوالے سے واشنگٹن اب پہلے جیسا رویہ اختیار نہیں کرے گا۔