پمز اسلام آباد کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ہسپتال سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر محمد سلمان

August 30, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو سوشل میڈیا (ایکس)

فوٹو سوشل میڈیا (ایکس)

اسلام آباد: پمز اسلام آباد کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر محمد سلمان نے پمز کے مختلف شعبوں کے سربراہان کا اجلاس طلب کیا، جس میں ہسپتال انتظامیہ کے افسران اور مختلف ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر محمد سلمان نے کہا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ہسپتال سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور انہیں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کرنا موجودہ صورتحال میں انتہائی ضروری ہے۔

ڈاکٹر محمد سلمان نے پمز میں حالیہ پیش آنے والے دو واقعات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی کوشش کی جائے گی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ پمز میں مریضوں کا غیر معمولی دباؤ ہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں آنے والے مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مریضوں کے لیے طبی سہولیات اور دیگر انتظامات بہتر بنانے کے معاملے پر وزارت صحت سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پمز نرسری سانحے سے متعلق انکوائری رپورٹ تاحال وزارت صحت کی ویب سائٹ پر جاری نہیں ہوسکی، حالانکہ وزیراعظم کی جانب سے رپورٹ جاری کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔