مکہ معاہدے کے تحت پہلا سہ فریقی اجلاس، پاکستان سے دو وزرا، آرمی چیف شریک
استنبول میں تزویراتی سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا پہلا اجلاس 31 اگست 2026 کو استنبول میں منعقد ہو رہا ہے
مکہ معاہدے کے تحت پہلا سہ فریقی اجلاس 31 اگست کو ہو رہا ہے
**پاکستان، ترکی اور سعودی عرب مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت بننے والی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا پہلا افتتاحی اجلاس 31 اگست 2026 کو استنبول میں منعقد کریں گے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کی نمائندگی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور آرمی چیف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کریں گے۔ اس اہم اجلاس میں ترکی اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف جنرل اسٹاف بھی شرکت کریں گے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں شرکت دونوں برادر ممالک کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات اور پائیدار علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ اجلاس مکہ معاہدے کو فعال کرنے اور سیاسی اور دفاعی امور پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کی گئی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا پہلا اجلاس ہے، جو 7 اگست کو دستخط کیے جانے والے اس معاہدے کے تحت منعقد ہو رہا ہے جس میں طے پایا تھا کہ تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر بھی ہونے والا کوئی بھی مسلح حملہ سب پر حملہ سمجھا جائے گا۔