کراچی میں کال سنٹر کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کو لوٹنے والانیٹ ورک گرفتار
مالکان سمیت متعددملزمان زیرحراست۔لیپ ٹاپس اور موبائل فونز برآمد
کراچی میں کال سنٹر کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کو لوٹنے والانیٹ ورک گرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کراچی نے گلستانِ جومیں ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنانے والے ایک بڑے کال سینٹر اسکیم آپریشن کا پردہ فاش کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق اس نیٹ ورک میں ملوث ملزمان خود کو غیر ملکی بینکوں کے افسران ظاہر کرتے تھے اور غیر ملکی شہریوں کو دھوکہ دے کر ان کی ذاتی و مالی معلومات بشمول ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کرتے تھے، جنہیں بعد میں فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
کارروائی کے دوران ایجنسی نے کال سینٹر کے دو مالکان محمد لائق اور محمد فاضل سمیت وہاں موجود دیگر مبینہ ملوث ایجنٹس کو حراست میں لے لیا ۔ اسکیم میں استعمال ہونے والے متعدد لیپ ٹاپس اور موبائل فونز بھی موقع سے برآمدکیے گئے ہیں۔
اس مجرمانہ نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی آر نمبر 74/26 درج کر لی گئی ہے جس میں پیکا (PECA) 2025 کی دفعات 3، 4، 13، 14، 16، 26 اور تعزیراتِ پاکستان (PPC) کی دفعات 109 اور 34 شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے میں نامزد گرفتار اور مفرور ملزمان میں احسن رضا، محمد لائق، سیف اعجاز، محمد فاضل، فریڈرک جان، کرسٹوفر کائزر، محمد دانش اور محمد شہزیب شامل ہیں۔فرار ہونے والے باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔