پاکستان کو ایس سی او اجلاس کی میزبانی مل گئی،دفتر خارجہ
فیلڈ مارشل کا ایران کا دورہ خطے میں امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ تھا
فائل فوٹو
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ فیلڈ مارشل کا ایران کا دورہ خطے میں امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ تھا۔ ان کے مطابق یہ دورہ پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔
طاہر اندرابی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق بھی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں ممالک نے دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں سیکریٹری جنرل کی سربراہی میں تینوں ممالک پر مشتمل مشترکہ سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر تین سال کی مدت کے لیے سیکریٹری جنرل پاکستان سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ دفاعی صنعت، جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون خطے میں مشترکہ دفاعی صلاحیتوں، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور دفاعی صنعت کے فروغ میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔