اسلام آباد کا ویٹر پمز اسپتال میں جعلی ڈاکٹر بن کر کام کرتا رہا

مظہر کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے، دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد جیل منتقل

September 2, 2026 · چشم حیرت
اسلام آباد کا ویٹر پمز اسپتال میں جعلی ڈاکٹر بن کر کام کرتا رہا

اسلام آباد کا ویٹر پمز اسپتال میں جعلی ڈاکٹر بن کر کام کرتا رہا

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں دو روز قبل ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا جو وفاقی دارالحکومت کے اس اہم اسپتال میں خود کو ڈاکٹر ظاہر کرتے ہوئے کام کر رہا تھا۔

گلے میں استھٹوسکوپ لٹکائے یہ شخص بطور میڈیکل آفیسر وارڈ نمبر 4 میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم مظہر ولد منظور احمد کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع نیلم کی وادی اٹھ مقام سے ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل اسلام آباد میں بطور ویٹر کام کرتا رہا ہے۔ پھر کسی مرحلے پر اس نے خود کو ڈاکٹر کہلانے کا فیصلہ کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم پمز ایمرجنسی کے کاؤنٹر نمبر 4 پر خود کو میڈیکل آفیسر ظاہر کرکے موجود تھا۔ چیکنگ کے دوران اس کے پاس ڈاکٹر کی حیثیت سے کام کرنے کی مطلوبہ میڈیکل ڈگری یا اجازت نامہ موجود نہیں پایا گیا۔

ملزم کے قبضے سے جعلی ڈاکٹر کی مہر اور ٹانکے لگانے کا سامان بھی برآمد کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کتنے عرصے سے جعلی ڈاکٹر بن کر ڈیوٹی دے رہا تھا اور اس دوران کتنے مریضوں کا معائنہ یا علاج کیا، اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ تاحال کسی مریض کے متاثر ہونے یا جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔

گرفتاری کے بعد اس کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا جوب اب مکمل ہو چکا ہے اور اسے جیل متقل کردیا گیا ہے۔

ملزم کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جو ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے مصدق نامی شہری نے درج کرایا ہے۔