پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام،15 خوارج ہلاک
کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، جس کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
فوٹو سوشل میڈ یا ایکس
راولپنڈی: پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کارروائی میں 15 خوارج کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر 2026 کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے بالمقابل پاک افغان سرحد سے فتنۃ الخوارج سے وابستہ ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کا سراغ لگایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی تقریباً 36 گھنٹے تک جاری رہی اور اس دوران 15 خوارج ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، جس کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعہ ایک بار پھر اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ بیان میں افغان طالبان حکومت پر سرحدی انتظام مؤثر بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکامی کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ افغان سرزمین سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کا سلسلہ روکا جانا چاہیے۔ سیکیورٹی فورسز سرحدوں کے دفاع اور ملک میں امن و استحکام کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
بیان کے مطابق ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم بھی جاری رہے گی، جبکہ علاقے میں مزید ممکنہ دراندازوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی اور دشمن کے عزائم کو ناکام کردیا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔