سیکیورٹی فورسز کا قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 12 دہشت گرد ہلاک
قلات میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا
سیکیورٹی فورسز کا قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 12 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو ہدف بنا کر تباہ کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق آپریشن میں بھارت کے حمایت یافتہ 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے میں موجود اسلحے کا ذخیرہ اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات بھی تباہ کردیئے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔