وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس کے فاؤنڈرز گروپ کی ملاقات
معاشی صورتحال، صنعتوں کے مسائل، کاروباری سہولیات اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال
وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے فاؤنڈرز گروپ کے وفد کی ملاقات، ملکی معیشت، صنعتی مسائل، کاروباری سہولیات اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال۔
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے فاؤنڈرز گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، کاروبار اور تجارت کے فروغ، صنعتوں کو درپیش مسائل اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر کاروبار اور صنعت کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
وفد نے وزیراعظم کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور اپنی تجاویز سے آگاہ کیا، جبکہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور سرمایہ کار دوست اقدامات کو سراہا۔ گفتگو کے دوران وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کی حیثیت سے وزیراعظم شہباز شریف کی خدمات کا بھی تذکرہ کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک بھی موجود تھے۔
چیمبر کے وفد میں میاں مصباح الرحمٰن، فاروق افتخار، شیخ محمد آصف، شہزاد ملک، الماس حیدر، شاہد حسن شیخ، عبدالباسط، میاں طارق مصباح، کاشف انور شیخ اور میاں خالد مصباح شامل تھے۔