پنجاب میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر گرینڈ آپریشن شروع کرنے کافیصلہ
ماحولیاتی ضابطوں کی خلاف ورزی پر یونٹس، مقامات اور گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری
فائل فوٹو
لاہور: پنجاب میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نگرانی سخت کرنے کے لیے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے صاف لاہور، صحت مند پنجاب پروگرام پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماحولیاتی ضابطوں کی خلاف ورزی پر 18 یونٹس کو نوٹس جاری کیے گئے جبکہ 4 یونٹس سیل کیے گئے۔ تعمیراتی خلاف ورزی پر 6 مقامات سیل کیے گئے جبکہ پولی تھین کے خلاف کارروائی میں 36 مقامات سیل کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ دھواں چھوڑنے والی 10 گاڑیاں تحویل میں لی گئیں، جبکہ 24 چالان کیے گئے اور 24 گاڑیاں سیل کردی گئیں۔
اجلاس میں فصلوں کی کٹائی کے پیش نظر صوبے بھر میں آپریشن کا دائرہ وسیع کرنے اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نگرانی سخت کرنے کے لیے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔