بلوچستان میں سکیورٹی آپریشنز کے دوران 72 گھنٹوں میں 48دہشت گرد ہلاک

مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، اسلحہ و بارود بھی برآمد

September 4, 2026 · قومی

فائل فوٹو

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف 24 گھنٹوں کے دوران ضلع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں 26 خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم موقع پر ہی تباہ کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا، جہاں بھارتی اسپانسرڈ 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ سبی کے علاقے بھاگ میں بھی بھارتی اسپانسرڈ 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں میں بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 48 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔