کراچی میں فائر سیفٹی کی خلاف ورزی پر متعدد پیٹرول پمپس سیل

شہر کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس کے علاوہ دکانوں اور ہوٹلز کو بھی فائر سیفٹی سے متعلق انتظامات مکمل کرنے کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

September 5, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا ( فیس بک)

فوٹو سوشل میڈیا ( فیس بک)

کراچی میں فائر سیفٹی کے مطلوبہ انتظامات مکمل نہ کرنے والے متعدد پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انفورسمنٹ نے جناح ٹاؤن اور لیاری ٹاؤن میں مختلف پیٹرول پمپس کا معائنہ کیا، جہاں فائر سیفٹی کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر متعدد پمپس کو سیل کردیا گیا۔

حکام کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس کے علاوہ دکانوں اور ہوٹلز کو بھی فائر سیفٹی سے متعلق انتظامات مکمل کرنے کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جن املاک کے مالکان نوٹسز کا جواب نہیں دیں گے یا حفاظتی تقاضے پورے نہیں کریں گے، ان کے خلاف جرمانے سمیت مزید قانونی کارروائی کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر املاک سیل کردی جائیں گی۔

ترجمان کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فائر سیفٹی اقدامات کی نگرانی کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، جبکہ شہر کے مختلف اسپتالوں میں بھی فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔