کالام میں اسسٹنٹ کمشنر کو لوگوں نے گھیر لیا،37 افراد پر مقدمہ

واقعے کے بعد تھانہ کالام میں ایف آئی آر نمبر درج کی گئی، جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 سمیت متعدد دفعات شامل ہیں

. September 5, 2026 · قومی
کالام میں اسسٹنٹ کمشنر کو لوگوں نے گھیر لیا،37 افراد پر مقدمہ

کالام میں اسسٹنٹ کمشنر کو لوگوں نے گھیر لیا،37 افراد پر مقدمہ

سوات: (افضل شاہ یوسفزئی) شاہی گراؤنڈ کالام میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے معاملے پر انتظامیہ اور مقامی آبادی کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرگئی۔ مقامی افراد نے اسسٹنٹ کمشنر بحرین لقمان خان کو مبینہ طور پر گھیرے میں لے لیا، جبکہ موقع پر موجود پولیس کی سیکیورٹی پر بھی سوالات اٹھ گئے

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد تھانہ کالام میں ایف آئی آر نمبر درج کی گئی، جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 سمیت متعدد دفعات شامل ہیں اور 37 افراد نامزد کیے گئے ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق واقعے کے وقت تقریباً 165 افراد موقع پر موجود تھے اور مبینہ طور پر پتھراؤ، دھمکیوں اور سرکاری کام میں مداخلت کی گئی۔
شاہی گراؤنڈ میں مجوزہ اسٹیڈیم کے لیے 341 کنال زمین مختص ہے۔ زمین کے حقوق ڈیر خیل، نیلور خیل اور جافلر خیل قبائل سے متعلق بتائے جاتے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق دو قبائل معاوضہ وصول کرچکے ہیں جبکہ جافلر خیل کے معاوضے پر تحفظات برقرار ہیں۔
منصوبے کا ٹھیکہ 2022 میں دیا گیا تھا اور اسے دو سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم 2026 تک منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا
بحرین کے مشران نے کالام پہنچ کر مقامی آبادی سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تنازع کو طاقت کے بجائے جرگے اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔