دوستی سے انکار پر قتل کیس،پشاور ہائیکورٹ نے ملزم کو عمر قید سنا دی

فیصلے کے بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا۔

October 24, 2026 · قومی
دوستی سے انکار پر قتل کیس،پشاور ہائیکورٹ نے ملزم کو عمر قید سنا دی

دوستی سے انکار پر قتل کیس،پشاور ہائیکورٹ نے ملزم کو عمر قید سنا دی

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے دوستی سے انکار پر قتل کے مقدمے میں بری کیے گئے ملزم کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے عمر قید کی سزا سنا دی۔ فیصلے کے بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا۔

جسٹس صاحبزادہ اللہ نے مقدمے میں ملزم بہلول احسان کی بریت کے خلاف دائر اپیل پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے کے مطابق ملزم نے دوستی سے انکار پر مدعی شاہ وید کے گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں مدعی کی والدہ جاں بحق جبکہ مدعی اور اس کی بہن شدید زخمی ہوگئے تھے۔

یہ واقعہ 16 اپریل 2016 کو کوہاٹ کے تھانہ استرزئی کی حدود میں پیش آیا تھا۔ مقدمے میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوہاٹ نے یکم جون 2019 کو ملزم کو بری کردیا تھا، جس کے خلاف مدعی نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ماتحت عدالت شواہد کے مختلف پہلوؤں کا درست تناظر میں جائزہ لینے میں ناکام رہی اور مجموعی شواہد کے اثرات کو نظر انداز کیا گیا۔ عدالت کے مطابق استغاثہ ملزم کے خلاف قابلِ اعتماد شواہد پیش کرکے اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔

عدالت نے اپیل منظور کرتے ہوئے ملزم کو قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ دیگر دفعات کے تحت مجموعی طور پر 12 سال قید کی سزا بھی دی۔ فیصلے کے مطابق ملزم پر قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مجموعی طور پر 9 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔