بانی پی ٹی آئی کی 7 مقدمات میں ضمانت کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی
خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے مقدمات کی سماعت کی۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک سمیت ان کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی
فائل فوٹو
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف جلاؤ گھیراؤ اور احتجاج سے متعلق 7 مقدمات میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔
خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے مقدمات کی سماعت کی۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک سمیت ان کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی، جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے سینئر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بھی موجود تھے۔
سماعت کے دوران وکیل محمد فیصل ملک نے عدالت کو بتایا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانتوں پر دلائل دینا چاہتے ہیں۔
تاہم پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمات کے مکمل چالان عدالت میں پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے پولیس سے استفسار کیا اور آئندہ سماعت پر تمام مقدمات کے چالان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے پولیس کو آئندہ پیشی پر مطلوبہ ریکارڈ مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔