انقرہ: پاکستانی سفارت خانے میں یومِ دفاع کی تقریب، ترک وزیرِ دفاع وعسکری قیادت کی شرکت
ترک وزیر یاشار گولر نے قوم کو مبارکباد پیش کی ، پاکستان کے شہدا و غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فوٹو پریس ریلیز
انقرہ: انقرہ میں پاکستان کے سفارت خانے نے یومِ دفاع و شہدائے پاکستان کی مناسبت سے استقبالیہ کا اہتمام کیا ، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین گہرے عسکری اور اسٹریٹجک بھائی چارے کو اجاگر کیا گیا۔
ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع عالی یاشار گولر نے مہمانِ خصوصی کے طور پر تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں ترک مسلح افواج کی غیر معمولی نمائندگی دیکھنے میں آئی، جن میں چیف آف ترکش جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائرکتار اوغلو، کمانڈر ترکش لینڈ فورسز جنرل متین توکل، کمانڈر ترکش نیوی ایڈمرل ارجومنت تتلی اوغلو اور کمانڈر ترکش ایئر فورس جنرل رفعت دالقران شامل تھے۔
تقریب میں شرکت کرنے والے دیگر نمایاں مہمانان میں سابق نائب وزیراعظم و وزیرِ صحت رجب اکداغ، نائب وزیرِ خارجہ حاجی علی قزل ، غیر ملکی عسکری اتاتشی، اعلیٰ ترک حکام اور پاکستانی برادری کے ارکان شامل تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ (PEISG) کے طلبا نے خصوصی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے، جبکہ حاضرین کو یومِ دفاع و شہداء کی وقار و اہمیت کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر یاشار گولر نے قوم کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے شہدا و غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انقرہ کی بلا مشروط تائید کا اعادہ کرتے ہوئے، وزیر گولر نے دونوں ممالک کے مابین تاریخی روابط کو اجاگر کیا، پاکستان کو ایک اہم اسٹریٹجک شراکت دار قرار دیا اور دفاع و سلامتی میں تیزی سے پھیلتی باہمی تعاون کی تعریف کی۔
وزیر گولر نے ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حال ہی میں قائم ہونے والے “مکہ ڈیفنس الائنس” کا بھی ذکر کیا، اور اسے اسٹریٹجک ہم آہنگی، اجتماعی اور علاقائی استحکام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔