رحیم یار خان: باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر میں تصادم، 7 افراد جاں بحق
حادثے کے باعث شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے
فو ٹو سوشل میڈیا (فیس بک)
رحیم یار خان کے علاقے سردار گڑھ کے قریب باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو شیخ زید ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 زخمی دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
حادثے کے باعث شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے ہسپتال کے عملے کو تمام زخمیوں کو فوری اور مؤثر علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ ٹرالر ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔