پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار ہوگیا
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 جبکہ کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگو
فائل فوٹو
لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے بعد موسلادھار بارش ہوئی، جس کے باعث شدید گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
لاہور کے مال روڈ، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، کینال روڈ، گلبرگ، لبرٹی اور کلمہ چوک سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ شہریوں نے موسم میں ہونے والی خوشگوار تبدیلی کا خیرمقدم کیا، تاہم بارش اور تیز ہواؤں کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
مریدکے اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے کئی روز سے گرمی اور حبس کا سامنا کرنے والے شہریوں کو ریلیف ملا۔ بارش سے قبل ہی لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 جبکہ کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کاہنہ اور ملحقہ علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے دوران مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
گوجرہ میں آندھی کے بعد بوندا باندی ہوئی، جس سے موسم میں خنکی پیدا ہوگئی۔ اسی طرح قصور شہر اور گردونواح میں صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ متعدد بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
دوسری جانب اسلام آباد میں بھی موسم ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔